اسلام آباد: وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری نے ملک میں سیاسی استحکام کی جانب بڑی پیش رفت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے اپوزیشن کے ساتھ براہِ راست رابطے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے نجی ٹی وی پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کا موقف ہے کہ تمام تصفیہ طلب معاملات میز پر بیٹھ کر حل کیے جا سکتے ہیں۔ان کاکہنا تھا کہ سیاسی کشیدگی کم کرنے کے لیے وزیراعظم شہباز شریف خود اپوزیشن لیڈر کے چیمبر جائیں گے۔ اس اقدام کا مقصد پارلیمانی تعطل کو ختم کرنا اور ورکنگ ریلیشن شپ کو بہتر بنانا ہے۔
وفاقی وزیر کے مطابق اس اہم ملاقات اور رابطوں کی بحالی کے پیچھے رانا ثناء اللہ کی سیاسی حکمت عملی شامل ہے۔
وزیراعظم نے کابینہ کو اعتماد میں لیتے ہوئے وزارتِ خزانہ اور منصوبہ بندی کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وزیراعلیٰ کے پی کے، علی امین گنڈاپور کے تمام جائز مالی مطالبات فی الفور پورے کیے جائیں۔طارق فضل چوہدری نے واضح کیا کہ اپوزیشن کے ساتھ ہماری کوئی ذاتی دشمنی نہیں بلکہ محض سیاسی اختلافات ہیں، اور جمہوریت میں بات چیت کے دروازے کبھی بند نہیں ہوتے۔




