اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے اندرونی و بیرونی محاذ پر پاکستان کا سخت موقف اپنا لیا ہے۔ انہوں نے جہاں دہشت گردوں کے خلاف بڑی کامیابیوں کا ذکر کیا، وہیں بھارت کے خلاف سخت سفارتی و کھیلوں کی پالیسی کی بھی توثیق کی۔
وزیراعظم نے بتایا کہ بلوچستان میں 180 دہشت گردوں کو ٹھکانے لگا دیا گیا ہے، تاہم وطن کی حفاظت میں 17 جوانوں نے اپنی جانیں نچھاور کیں۔ انہوں نے کہا کہ دشمن کو "ذلت آمیز شکست” ہوئی ہے اور معصوموں کے قاتل انسان کہلانے کے حقدار نہیں۔
شہباز شریف نے بھارت کو پاکستان کی ترقی کی راہ میں "کانٹا” قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہمارا مشرقی ہمسایہ ہمیشہ رکاوٹیں کھڑی کرنے کی کوشش کرتا ہے۔ دوسری جانب ایران کے ساتھ کشیدگی ختم کرنے میں پاکستان نے "بڑے بھائی” کا کردار ادا کیا۔
وزیراعظم نے واضح کیا کہ بھارت کے خلاف ورلڈ کپ میچ کا بائیکاٹ قومی وقار کی خاطر کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاست کھیل کے میدان میں نہیں ہونی چاہیے، لیکن پاکستان کسی سے رعایت نہیں برتے گا۔
قازقستان کے ساتھ ایک ارب ڈالر کی تجارت کا معاہدہ ملکی خوشحالی کے لیے خوش آئند قرار دیا گیا۔




