راولپنڈی / چمن: پاک افغان سرحد پر افغان طالبان اور ‘فتنہ الخوارج’ کی جانب سے کی جانے والی بزدلانہ اور بلا اشتعال فائرنگ کے جواب میں پاک فوج نے آپریشن "غضب للحق” کے تحت کاری ضرب لگائی ہے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق، پاکستانی فورسز کے انتہائی موثر اور پیشہ ورانہ ردِعمل نے دشمن کو بھاری جانی و مالی نقصان پہنچاتے ہوئے پیچھے ہٹنے پر مجبور کر دیا ہے۔
سکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ پاک فوج نے چمن سیکٹر میں انتہائی درستی (Precision) کے ساتھ جوابی کارروائی کی۔ اس دوران افغان طالبان کی متعدد جنگی چوکیوں اور عسکری گاڑیوں کو نشانہ بنا کر تباہ کر دیا گیا۔ یہ کارروائی ان ٹھکانوں پر کی گئی جہاں سے افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کے دہشت گرد پاکستانی حدود کو نشانہ بنانے کی مذموم کوشش کر رہے تھے۔
رپورٹس کے مطابق، سرحد پار سے ہونے والی اس جارحیت میں افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں نے مل کر پاکستانی چوکیوں پر حملہ کیا تھا۔ پاک فوج کے جوانوں نے فوری طور پر مورچہ سنبھالا اور دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملاتے ہوئے ان کے دفاعی نظام کو شدید نقصان پہنچایا۔
سکیورٹی ذرائع نے دوٹوک الفاظ میں واضح کیا ہے کہ آپریشن "غضب للحق” اپنے مقررہ اہداف کے مکمل حصول تک بلا تعطل جاری رہے گا۔ پاک فوج سرحدوں کے دفاع اور ملکی سلامتی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کرنے کے عزم پر قائم ہے اور ہر جارحیت کا جواب پوری قوت سے دیا جائے گا۔




