اسلام آباد :پاکستان اور چین کے مابین ہمہ گیر سٹریٹجک تعاون کو نئی جہت دینے کے لیے وزیراعظم مئی کے تیسرے ہفتے میں بیجنگ روانہ ہوں گے۔ سفارتی ذرائع سے موصول ہونے والی تفصیلات کے مطابق، وزیراعظم 23 مئی سے 25 مئی تک چین میں قیام کریں گے، جہاں وہ چینی قیادت کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں پر تفصیلی مشاورت کریں گے۔
دورے کا سب سے اہم پہلو وزیراعظم کی چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات ہوگی، جس میں عالمی و علاقائی سیاست اور اسٹریٹجک امور پر بات چیت کی جائے گی۔ اس کے علاوہ، چینی ہم منصب لی چیانگ کے ساتھ وفود کی سطح پر ہونے والے مذاکرات میں اقتصادی شراکت داری کو دستاویزی شکل دی جائے گی۔
وزیراعظم پاک چین سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے کی تقریبات میں شرکت کر کے دونوں ممالک کی لازوال دوستی کی تجدید کریں گے۔ ملاقاتوں میں سی پیک سی پیک کے اگلے مرحلے کی رفتار تیز کرنے اور اسے صنعتی و زرعی ترقی سے ہم آہنگ کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔
خطے کی بدلتی صورتحال کے تناظر میں علاقائی سیکیورٹی اور دہشت گردی کے خلاف مشترکہ حکمت عملی بھی ایجنڈے کا حصہ ہوگی۔مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے متعدد معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں (MoUs) پر دستخط متوقع ہیں جن سے دوطرفہ تجارت میں خاطر خواہ اضافے کا امکان ہے۔
سفارتی ماہرین کا ماننا ہے کہ وزیراعظم کا یہ دورہ پاکستان کی معاشی بحالی اور اسٹریٹجک استحکام کے لیے کلیدی اہمیت کا حامل ثابت ہوگا۔




