اسلام آباد: عالمی مالیاتی فنڈ نے پاکستان کی معاشی صورتحال سے متعلق جاری کردہ رپورٹ میں شرح نمو میں سست روی اور مہنگائی میں اضافے کا امکان ظاہر کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال پاکستان کی مجموعی جی ڈی پی گروتھ 3.6 فیصد رہنے کی توقع ہے، جبکہ آئندہ سال یہ مزید کم ہو کر 3.5 فیصد تک جا سکتی ہے۔ حکومت کی جانب سے مقرر کردہ ہدف 4.2 فیصد ہے۔
آئی ایم ایف کے مطابق اوسط مہنگائی رواں سال 7.2 فیصد رہنے کا امکان ہے، جبکہ آئندہ سال اس میں اضافہ ہو کر 8.4 فیصد تک پہنچ سکتا ہے۔ رپورٹ میں مجموعی مہنگائی 11.5 فیصد تک جانے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
اسی طرح بجٹ خسارہ 3.2 فیصد سے بڑھ کر 3.4 فیصد تک پہنچنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ بے روزگاری کی شرح رواں سال 6.9 فیصد اور آئندہ سال 6.5 فیصد رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ اعداد و شمار اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ پاکستان کو آنے والے برسوں میں مہنگائی، مالیاتی خسارے اور معاشی استحکام کے لیے اہم چیلنجز کا سامنا رہے گا۔




