کراچی :محکمہ موسمیات کے ارلی وارننگ سینٹر نے سندھ بھر میں گرمی کی لہر (ہیٹ ویو) کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا ہے، جس کے تحت صوبے کے بیشتر اضلاع میں آئندہ چند روز کے دوران موسم شدید گرم، خشک اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 11 مئی تک صوبے کے وسطی اور بالائی علاقوں میں سورج آگ برسائے گا۔ شہید بینظیر آباد، گھوٹکی، خیرپور، نوشہرو فیروز، جیکب آباد، لاڑکانہ اور سکھر میں پارہ 47 سے 49 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔ ان علاقوں میں دن کے وقت لو چلنے اور شدید حبس کی پیشگوئی کی گئی ہے۔شہرِ قائد میں اگلے 3 روز کے دوران موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 سے 36 ڈگری کے درمیان رہے گا۔ دوپہر کے وقت ہوا میں نمی 55 سے 65 فیصد تک ریکارڈ کی جا سکتی ہے، جس سے گرمی کی تپش زیادہ محسوس ہوگی۔سمندری ہواؤں کے ساتھ ساتھ مغربی سمت سے بھی ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔
ماہرینِ موسمیات نے عوام بالخصوص بچوں، خواتین اور بزرگوں کو مشورہ دیا ہے کہ سورج کی براہِ راست تپش سے بچنے کے لیے دوپہر کے وقت گھروں میں رہیں۔ جسم میں پانی کی سطح برقرار رکھنے کے لیے پانی کا استعمال بڑھا دیں۔ باہر نکلتے وقت سر ڈھانپ کر رکھیں اور ہلکے رنگ کے کپڑے استعمال کریں۔




