اسلام آباد:حکومت نے ملک میں معاشی ریلیف کی پالیسی کو آگے بڑھاتے ہوئے شعبہ ہوا بازی کے لیے جیٹ فیول کی قیمتوں میں ایک اور بڑی کٹوتی کا اعلان کر دیا ہے۔ وزارتِ ہوا بازی کے ذرائع کے مطابق بڑے طیاروں کے استعمال میں آنے والے ایندھن کی قیمت میں 48 روپے 80 پیسے فی لیٹر کی نمایاں کمی کی گئی ہے، جس کے بعد ایئرلائنز کے کرایوں میں فوری کمی کا امکان پیدا ہو گیا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق، مشرقِ وسطیٰ میں جنگی صورتحال کے باعث جیٹ فیول کی قیمتیں 517 روپے فی لیٹر کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی تھیں، جس سے ایئرلائن انڈسٹری شدید مالی بحران کا شکار ہو گئی تھی۔ تاہم، موجودہ حکومتی اقدامات کے نتیجے میں اب تک مجموعی طور پر 283 روپے تک کی ریکارڈ ہسٹوریکل کمی لائی جا چکی ہے، جو ملکی ایوی ایشن کی تاریخ کا ایک بڑا ریلیف ہے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ کی جنگ سے قبل، 28 فروری کو جیٹ فیول کی قیمت 188 روپے فی لیٹر تھی، اور حکومت کی کوشش ہے کہ قیمتوں کو دوبارہ اسی مستحکم سطح پر لایا جائے۔ ایوی ایشن ماہرین کے مطابق، اس بڑی کٹوتی کے بعد اب پاکستانی اور بین الاقوامی ایئرلائنز کے پاس کرایوں میں کمی نہ کرنے کا کوئی جواز باقی نہیں رہا، اور اگلے چند روز میں مسافروں کو سستے ٹکٹوں کی خوشخبری ملنے کی قوی امید ہے۔




