اسلام آباد: ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فاروق ستار نے کراچی کے مسائل کے حل کے لیے شہر کو وفاقی ٹیریٹری قرار دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ صورتحال میں خصوصی اقدامات کی ضرورت ہے۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ کراچی ملک کا اہم ترین شہر ہے لیکن اس وقت مختلف مسائل کا سامنا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر کے معاملات بہتر بنانے کے لیے نئے انتظامی حل پر غور کرنا ہوگا۔
انہوں نے آئین کی بالادستی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آئین کی تمام شقیں یکساں اہمیت رکھتی ہیں اور ان پر بلا تفریق عمل ہونا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کو ایک نئے عمرانی معاہدے کی سمت بڑھنے کی ضرورت ہے۔
ایم کیو ایم رہنما نے آزاد کشمیر کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قومی مصالحت کے ذریعے معاملات حل کیے جائیں، بصورت دیگر ردعمل کے طور پر کراچی میں بھی ایکشن کمیٹی کے قیام کی بات سامنے آ سکتی ہے۔
فاروق ستار نے کہا کہ قومی مسائل کا حل سیاسی مذاکرات، آئینی طریقہ کار اور اتفاقِ رائے سے ہی ممکن ہے۔




