اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے اپوزیشن کو سیاسی مفاہمت اور جمہوری استحکام کے لیے میثاق جمہوریت کا حصہ بننے کی پیشکش کردی۔
خواجہ آصف نے کہا کہ ماضی میں تمام سیاسی جماعتوں سے غلطیاں ہوئیں، اب ضرورت اس امر کی ہے کہ ان غلطیوں سے سبق سیکھ کر ملک میں جمہوری روایات کو مضبوط کیا جائے۔ انہوں نے اپوزیشن کو دعوت دی کہ آئیں میثاق جمہوریت پر دستخط کریں اور سیاسی نظام کو بہتر بنانے کے لیے مشترکہ کردار ادا کریں۔
وزیر دفاع نے پاکستان تحریک انصاف کے سابق دور حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس دور میں سیاسی مخالفین کے ساتھ سخت رویہ اختیار کیا گیا اور اسمبلی میں بھی ماحول کشیدہ رہا۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ 78 سالہ تاریخ میں پاکستان اور جمہوریت کو کئی چیلنجز کا سامنا رہا، جبکہ بانی پی ٹی آئی کے دورِ سیاست نے جمہوری عمل کو شدید متاثر کیا۔
خواجہ آصف نے کہا کہ قومی اسمبلی میں ایک گھنٹے کے دوران پی ٹی آئی کے حق میں 50 ترامیم منظور کی گئیں، اس لیے اب ضرورت ہے کہ ماضی کی غلطیوں کو درست کرتے ہوئے جمہوری عمل کو آگے بڑھایا جائے۔
انہوں نے زور دیا کہ سیاسی اختلافات کے باوجود ملک کے وسیع تر مفاد میں تمام جماعتوں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔




