تہران :ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کوششیں قابلِ تحسین ہیں اور یہ اس کی مثبت روایات کی عکاسی کرتی ہیں۔
سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں مسعود پزشکیان نے کہا کہ پاکستان کا دورہ ایک اہم معاملے میں اسلام آباد کی ثالثی پر اظہارِ تشکر کے لیے کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ دورے کے دوران پاکستانی قیادت کے ساتھ اہم امور پر تبادلہ خیال ہوا۔
ایرانی صدر کے مطابق انہوں نے شہباز شریف، عاصم منیر اور آصف علی زرداری سے ملاقاتیں کیں، جن میں دوطرفہ تعلقات، باہمی تعاون کے فروغ اور علاقائی صورتحال پر بات چیت ہوئی۔
مسعود پزشکیان نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رہیں گی، جبکہ خطے میں امن کے قیام کے لیے دونوں ممالک کے کردار کو اہم قرار دیا۔




