کراچی : وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں دہشت گردی کے واقعات میں بیرونی عناصر ملوث ہیں اور حکومت اس ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔
پاکستان نیوی کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان آج عالمی سطح پر امن کے فروغ میں مثبت کردار ادا کرنے والے ملک کے طور پر پہچانا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان مفاہمتی عمل میں پاکستان کا کردار باعثِ اعزاز ہے، جبکہ اسلام آباد میں طے پانے والی مفاہمتی یادداشت کو دوست ممالک کی بھرپور حمایت حاصل رہی۔
وزیراعظم نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے خطے میں امن کے قیام کے لیے شبانہ روز محنت کی، جبکہ ایرانی صدر کے حالیہ دورۂ پاکستان سے دونوں ممالک کے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیر، فلسطین اور غزہ کے عوام کے ساتھ اپنی غیرمتزلزل حمایت جاری رکھے گا، کیونکہ امن، انصاف اور مؤثر سفارت کاری ہی دیرپا استحکام کی بنیاد ہیں۔
شہباز شریف نے پاکستان نیوی کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ قومی دفاع میں بحریہ کا کردار قابلِ فخر ہے اور حکومت دفاعی استعداد کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اندرونی اور بیرونی چیلنجز کے باوجود پاکستان ترقی، استحکام اور امن کی راہ پر گامزن رہے گا۔




