پاکستان
Trending

پاک کروشیا تعلقات میں نئی پیش رفت، ویزا سہولت اور معاشی تعاون بڑھانے پر اتفاق

 

اسلام آباد: پاکستان اور کروشیا نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، عوامی روابط بڑھانے اور تجارت و سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے۔

کروشیا کے وزیر خارجہ ڈاکٹر گورڈن گرلیچ ریڈمین نے اسلام آباد کو امن سفارتکاری کا اہم مرکز قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور کروشیا کے تعلقات باہمی احترام اور اعتماد کی بنیاد پر قائم ہیں۔

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس میں کروشین وزیر خارجہ نے کہا کہ دونوں ممالک مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستانی شہریوں کے لیے ویزا درخواست کے عمل کو آسان بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور کروشیا کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور عوامی روابط کے فروغ کے وسیع امکانات موجود ہیں، جن سے دونوں ممالک فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

اس موقع پر اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان کروشیا کے ساتھ اقتصادی تعلقات کو مزید وسعت دینا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ویزا پالیسی میں بہتری سے دونوں ممالک کے عوام کے درمیان رابطے مزید مضبوط ہوں گے۔

نائب وزیراعظم کے مطابق ملاقات میں دہشتگردی، مسئلہ کشمیر، فلسطین اور دیگر اہم علاقائی و عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کروشیا نے خطے میں امن کے لیے پاکستان کی کوششوں کی حمایت کی ہے۔

اسحاق ڈار نے کروشین سرمایہ کاروں کو پاکستان کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں سے فائدہ اٹھانے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے نئے راستے کھولے جا سکتے ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button