پاکستان
Trending

پاکستان اور روس کا توانائی و تجارتی تعاون بڑھانے پر اتفاق، اویس لغاری کا دوطرفہ شراکت داری پر زور

 

اسلام آباد: وفاقی وزیر توانائی اویس احمد لغاری نے کہا ہے کہ پاکستان اور روس کے درمیان تعلقات کو توانائی، تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں مزید مستحکم کرنے کی ضرورت ہے تاکہ دونوں ممالک باہمی اقتصادی فوائد حاصل کر سکیں۔

ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر توانائی نے کہا کہ پاک روس تعلقات تاریخی اعتماد، باہمی احترام اور مشترکہ مفادات پر مبنی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں دونوں ممالک کے درمیان کثیرالجہتی تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔

اویس لغاری نے کہا کہ توانائی کا شعبہ پاکستان اور روس کے تعلقات کا اہم ستون ہے، جبکہ دونوں ممالک تیل اور گیس کی پائپ لائنز سمیت توانائی کے مختلف منصوبوں میں تعاون بڑھانے پر کام کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تجارت، رابطہ کاری اور اقتصادی تعاون کے حوالے سے یوریشیا میں نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں، جن سے فائدہ اٹھانے کے لیے مضبوط تجارتی راہداریوں، مؤثر لاجسٹکس اور بہتر سپلائی چینز کی ضرورت ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان اور روس کے درمیان بارٹر ٹریڈ کا فریم ورک تجارتی روابط کے فروغ میں اہم قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بدلتے ہوئے جیو اکنامک منظرنامے میں مؤثر کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

اویس لغاری نے تھنک ٹینکس، جامعات اور تحقیقی اداروں کے کردار کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ مشترکہ تحقیق، تعلیمی روابط اور پیشہ ورانہ تربیت کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان توانائی کے شعبے میں روس کے ساتھ تعاون کا خیرمقدم کرتا ہے اور جدید ترسیلی نظام، مالیاتی استحکام اور بہتر طرز حکمرانی کے لیے اصلاحات پر عمل جاری رکھے ہوئے ہے۔

وفاقی وزیر توانائی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مستقل رابطہ، باہمی اعتماد اور عملی تعاون پاکستان اور روس کے درمیان مستقبل کی مضبوط شراکت داری کی بنیاد ثابت ہوں گے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button