لاہور: پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے آزاد کشمیر انتخابات کے حوالے سے پاکستان پیپلز پارٹی کے اعتراضات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ عوام نے اپنا فیصلہ ووٹ کے ذریعے سنا دیا ہے، جسے تسلیم کرنا چاہیے۔
اپنے بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ میرپور کے بعد مظفرآباد میں بھی مسلم لیگ (ن) کی کامیابی اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ عوام نے شیر پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چند ووٹوں پر اعتراضات کو بنیاد بنا کر پورے انتخابی عمل کو دھاندلی قرار دینا درست نہیں۔
انہوں نے کہا کہ انتخابات الزام تراشی، دھمکیوں یا شور شرابے سے نہیں بلکہ عوامی حمایت سے جیتے جاتے ہیں۔ مریم اورنگزیب نے دعویٰ کیا کہ آزاد کشمیر اور پنجاب کے عوام نے پیپلز پارٹی کے بیانیے کو مسترد کر دیا ہے۔
سینئر وزیر نے مزید کہا کہ اگر پیپلز پارٹی دھاندلی کے الزامات عائد کرتی ہے تو اسے اپنے مؤقف کا جائزہ لینا چاہیے، جبکہ سندھ کے عوام بھی مریم نواز جیسا وزیراعلیٰ چاہتے ہیں۔




