اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملکی برآمدات میں اضافہ معاشی ترقی کی بنیاد ہے، برآمدی شعبوں کو وسعت دے کر عالمی منڈیوں میں پاکستانی مصنوعات کی رسائی بڑھائی جائے۔
وزیراعظم کی زیرِ صدارت ملکی برآمدات اور معیشت سے متعلق اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وزیراعظم نے روایتی شعبوں کے ساتھ ساتھ نئے شعبوں اور صنعتوں کو بھی برآمدی سرگرمیوں میں شامل کرنے کی ہدایت کی۔
شہباز شریف نے کہا کہ زیادہ سے زیادہ شعبوں کو عالمی تجارت کا حصہ بنایا جائے تاکہ برآمدات میں نمایاں اضافہ ہو۔ پاکستانی مصنوعات کا معیار عالمی تقاضوں کے مطابق بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
وزیراعظم نے کوالٹی اشورنس نظام کو مزید مؤثر بنانے اور بین الاقوامی معیار و ضوابط پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانے کی بھی ہدایت کردی۔




