اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے آئی اے ای اے کے ڈائریکٹر جنرل اور اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے امیدوار رافیل گروسی نے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔
دونوں رہنماؤں نے خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ گفتگو کے دوران خطے میں کشیدگی کم کرنے اور امن و استحکام کے لیے ممکنہ اقدامات پر بات چیت ہوئی۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر عملدرآمد ہی بہترین راستہ ہے۔ انہوں نے سفارتی ذرائع سے مسائل کے حل اور کشیدگی کے خاتمے کی ضرورت پر زور دیا۔
رافیل گروسی نے ضرورت پڑنے پر پاکستان کو تکنیکی معاونت فراہم کرنے کی پیشکش کی۔ دونوں رہنماؤں نے باہمی تعاون اور رابطے جاری رکھنے کی اہمیت پر بھی اتفاق کیا۔




