لاڑکانہ: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عوام کو صحت کی جدید سہولیات فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے، لاڑکانہ میں 600 بستروں پر مشتمل جدید ہسپتال تعمیر کیا جائے گا جہاں تمام ضروری طبی سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
لاڑکانہ میں نئے ہسپتال کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کوئی بھی شہری مالی وسائل نہ ہونے کی وجہ سے علاج سے محروم نہیں رہے گا۔ پسماندہ طبقے کو عالمی معیار کی صحت کی سہولیات فراہم کرنا ہمیشہ ہماری ترجیح رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان سے بھی لوگ علاج کے لیے لاڑکانہ آتے ہیں، اس لیے کوشش ہے کہ سندھ میں عالمی معیار کی طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔ امید ہے کہ 600 بستروں پر مشتمل یہ اسپتال لاڑکانہ کے شایان شان ہوگا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ لاڑکانہ اور قمبر شہداد کوٹ میں مختلف ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے۔ پہلی مرتبہ لاڑکانہ سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہونے کے بعد چانڈکا اسپتال کو درپیش مشکلات کا اندازہ ہوا، علاقے کے دیگر مسائل بھی حل کرنے کی کوشش کریں گے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آج کل تنقید کرنا آسان جبکہ کام کرنا مشکل ہے، تاہم عوامی مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات ضروری ہیں۔
ملکی معاشی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں معاشی بحران جاری ہے جس سے پاکستان بھی متاثر ہو رہا ہے۔ ملک کے عوام مہنگائی اور بے روزگاری جیسے مسائل کا سامنا کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ تعلیمی اداروں کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کی کوشش کریں گے۔ وفاقی حکومت پورے پاکستان میں اعلیٰ تعلیم پر 60 ارب روپے جبکہ سندھ حکومت 45 ارب روپے خرچ کر رہی ہے۔ سندھ حکومت اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لیے بھی کام کر رہی ہے۔




