اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے ملکی تجارت اور برآمدات کے فروغ کے لیے ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹی ڈی اے پی) میں وسیع پیمانے پر اصلاحات متعارف کرانے کی منظوری دے دی۔
وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس میں ادارے کے انتظامی نظام، علاقائی نیٹ ورک اور ڈیجیٹل ڈھانچے کو جدید بنانے کے حوالے سے مختلف تجاویز پیش کی گئیں۔
اجلاس میں پاکستانی برآمدات کو عالمی منڈیوں میں وسعت دینے اور مقامی صنعتوں کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بنانے کے لیے ادارے کی استعداد کار بڑھانے پر بھی غور کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ اصلاحاتی عمل آئندہ سال کے وسط تک مکمل کیا جائے اور منظور شدہ اقدامات پر بروقت عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔
حکومتی اقدام کا مقصد برآمدی شعبے کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا، کاروباری سہولیات میں بہتری لانا اور عالمی تجارت میں پاکستانی مصنوعات کی مسابقت بڑھانا ہے۔




