اسلام آباد:وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور برطانوی وزیر مملکت ڈین جاروس کے درمیان اہم ملاقات ہوئی، جس میں دونوں ممالک نے سیکیورٹی اور قانون نافذ کرنے کے مختلف شعبوں میں تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔
ملاقات میں وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری بھی موجود تھے۔ اس موقع پر انسداد دہشتگردی، انسداد منشیات، سائبر کرائم، امیگریشن، نادرا، کوسٹ گارڈز اور تربیتی پروگرامز میں اشتراک بڑھانے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
برطانوی وزیر مملکت ڈین جاروس نے غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام کے لیے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کی کارکردگی کو سراہا۔
محسن نقوی اور ڈین جاروس کے درمیان وفود کی سطح پر بھی مذاکرات ہوئے، جن میں باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ تعاون کے فروغ پر گفتگو کی گئی۔
ملاقات میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ پاکستان اور برطانیہ مشترکہ سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے اور ادارہ جاتی روابط کو مزید مؤثر بنانے کے لیے مل کر کام کریں گے۔




