کراچی: امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے کہا ہے کہ پاکستان کے مالیاتی نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور اس کے استحکام کے لیے محفوظ، قابلِ اعتماد اور جدید ٹیکنالوجی کا استعمال انتہائی اہم ہے۔ امریکہ پاکستان کے ساتھ تجارتی اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سٹیٹ بینک آف پاکستان کے مرکزی دفتر کے دورے کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جہاں انہوں نے گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد اور سسکو سسٹمز پاکستان کی اعلیٰ قیادت کے ہمراہ اسٹیٹ بینک کے نئے مرکزی بینکاری نیٹ ورک اور سافٹ ویئر ڈیفائنڈ ڈیٹا سینٹر کی کامیاب تنصیب کی تقریب میں شرکت کی۔
امریکی ٹیکنالوجی کمپنی سسکو کے اشتراک سے مکمل ہونے والا یہ منصوبہ پاکستان کے اہم مالیاتی بنیادی ڈھانچے کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی جانب اہم پیش رفت ہے۔ منصوبے کے تحت جدید، محفوظ اور لچکدار ڈیٹا سینٹر کا نظام قائم کیا گیا ہے، جس سے مالیاتی نظام کے استحکام، ڈیجیٹل تحفظ اور بلا تعطل بینکاری خدمات کی فراہمی کو تقویت ملے گی۔
نیٹلی بیکر نے اپنے خطاب میں کہا کہ مرکزی بینک کا بنیادی ڈھانچہ کسی بھی ملک کی معیشت کے استحکام اور عوام کے اعتماد کا اہم محور ہوتا ہے۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کا امریکی صنعت اور ٹیکنالوجی پر اعتماد معیار، سیکیورٹی اور طویل المدتی پائیداری کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
انہوں نے پاک امریکہ تجارتی تعلقات کو سراہتے ہوئے کہا کہ امریکہ اپنی دیرینہ تجارتی شراکت داری کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور پاکستانی اداروں کو امریکی جدت اور عالمی معیار کی ٹیکنالوجی سے منسلک کرنے کے لیے تعاون جاری رکھنے کے لیے تیار ہے۔
اس موقع پر گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد اور سسکو پاکستان کے کنٹری جنرل مینیجر کاشف الحق نے منصوبے کی تکمیل میں دونوں اداروں کی مشترکہ انجینئرنگ ٹیموں کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ جدید نظام کی تنصیب اور ڈیٹا کی منتقلی کا پیچیدہ عمل اسٹیٹ بینک کی روزمرہ خدمات متاثر کیے بغیر کامیابی سے مکمل کیا گیا۔
تقریب میں اس منصوبے کو پاکستان کے مالیاتی شعبے میں جدید ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کے فروغ، محفوظ بینکاری نظام کی ترقی اور پاک امریکہ تجارتی و سرمایہ کارانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا گیا۔




