پاکستان
Trending

وزیراعظم شہباز شریف کا کیش لیس معیشت کے فروغ کے لیے بڑا اقدام، 100 فیصد ڈیجیٹل ادائیگیوں کا ہدف مقرر کرنے کی ہدایت

 

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں نقد رقوم کے بجائے ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام کو فروغ دینے کے لیے جامع حکمت عملی تیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کیش لیس معیشت کا قیام حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اس سلسلے میں حکومتی کوششوں کے حوصلہ افزا نتائج سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں۔

وزیراعظم کی زیرِ صدارت کیش لیس معیشت کے فروغ سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں ملک بھر میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام کی توسیع، اس کی مؤثر عمل درآمد اور صارفین کو درپیش مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزارتِ خزانہ اور متعلقہ اداروں کی جانب سے کیش لیس معیشت کے فروغ کے لیے جاری اقدامات کو سراہا اور ہدایت کی کہ ملک میں 100 فیصد ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام کے قیام کے لیے واضح اہداف پر مشتمل قابلِ عمل منصوبہ پیش کیا جائے۔

انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام میں صارفین کو پیش آنے والی مشکلات فوری طور پر دور کی جائیں تاکہ عوام کو محفوظ اور آسان مالیاتی سہولیات میسر آسکیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ کیش لیس معیشت کے فروغ کے لیے ملک کے تمام علاقوں میں انٹرنیٹ کی دستیابی اور عوام کی جدید ٹیکنالوجی تک آسان رسائی یقینی بنانا ضروری ہے۔ ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام کو عام کرنے کے لیے بنیادی سہولیات کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جائے۔

شہباز شریف نے راست کیو آر کوڈ کے ذریعے صارفین اور تاجروں کے درمیان ڈیجیٹل لین دین کو فروغ دینے کی اسکیم کو حکومتی سرپرستی میں جاری رکھنے کی بھی ہدایت کی۔

وزیراعظم نے زور دیا کہ ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام کو زیادہ سے زیادہ آسان، محفوظ اور قابلِ رسائی بنایا جائے تاکہ عوام اور کاروباری طبقہ نقد لین دین کے متبادل کے طور پر جدید مالیاتی سہولیات سے استفادہ کرسکیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button