راولپنڈی: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے سوڈان کے وزیر داخلہ لیفٹیننٹ جنرل بابکر سمرہ مصطفیٰ علی نے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور سوڈان کے درمیان سکیورٹی تعاون، علاقائی صورتحال اور دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے امور زیرِ بحث آئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے معاملات پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے پاکستان اور سوڈان کے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
ملاقات کے دوران سکیورٹی کے شعبے میں تعاون بڑھانے، دہشت گردی کے خاتمے اور مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے قریبی روابط کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان اور سوڈان کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے مشترکہ سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے باہمی اشتراک کو اہم قرار دیا۔
سوڈان کے وزیر داخلہ نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ میں پاکستان کے کردار کو سراہا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں دونوں ممالک نے سکیورٹی سمیت مختلف شعبوں میں شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے اور باہمی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔




