پاکستان

ریحام خان کا سیاست میں باضابطہ قدم، "پاکستان ریپبلک پارٹی” کے قیام کا اعلان

سابق اینکر پرسن اور سماجی شخصیت ریحام خان نے عملی سیاست میں باضابطہ قدم رکھتے ہوئے اپنی نئی سیاسی جماعت "پاکستان ریپبلک پارٹی” کے قیام کا اعلان کر دیا ہے۔ کراچی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ریحام خان نے کہا کہ ان کی جماعت عوام کی آواز بن کر حکمرانوں کا پیچھا کرے گی اور ملک میں حقیقی تبدیلی کے لیے جدوجہد کرے گی۔
ریحام خان کا کہنا تھا کہ پاکستان ریپبلک پارٹی عوامی مسائل کے حل کے لیے میدان میں اتری ہے۔ "میں پاکستان کی اسٹار بننے نہیں آئی، میں صرف اپنے پیاروں کو وقت دینے پاکستان آئی تھی، لیکن جب واپس آئی تو پاکستان سے محبت ہو گئی”، ریحام خان نے کہا۔
ریحام خان نے ملک میں بنیادی سہولیات کی کمی پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ 2012 سے 2025 تک پاکستان میں بنیادی سہولتیں بدتر ہوئی ہیں۔ "نہ صاف پانی ہے، نہ اسپتال، حتیٰ کہ بیسک ہیلتھ یونٹ بھی دستیاب نہیں”.
انہوں نے کہا کہ، "میں نے ہمیشہ میرٹ پر کام کیا ہے اور یہی توقع دوسروں سے بھی رکھتی ہوں۔” ان کا کہنا تھا کہ تمام سیاسی جماعتیں ایسا نظام چاہتی ہیں جہاں پوری قوم کو بینظیر انکم سپورٹ پروگرام پر انحصار کرنا پڑے، جبکہ ان کی جماعت خودمختار اور باوقار عوامی نمائندگی پر یقین رکھتی ہے۔
ریحام خان نے معاشی بدحالی کا ذکر کرتے ہوئے کہا، "ہمارے بچے باپ کے بغیر پل رہے ہیں، مائیں اور باپ اپنے بچوں کو روزگار کے لیے بیرون ملک بھیجنے پر مجبور ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں ہر صوبے سے لوگ روزگار کے لیے آتے ہیں کیونکہ انہیں ان کے اپنے صوبوں میں روزگار کے مواقع نہیں ملتے۔ "یہ ایک قومی المیہ ہے اور ہم اس کے خلاف آواز اٹھائیں گے۔”
ریحام خان نے اعلان کیا کہ وہ آج سے ایک ایسی سیاسی تحریک کا آغاز کر رہی ہیں جو ایوانوں میں حقیقی عوامی نمائندگی کا مظہر ہوگی۔ ان کے مطابق پاکستان ریپبلک پارٹی کا مشن شفافیت، میرٹ، اور عوامی خدمت پر مبنی ہے اور اس کا مقصد ایک بااختیار اور خوددار قوم کی تشکیل ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button