کوئٹہ:کوئٹہ کے نواحی علاقے دشت میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے 3 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ ترجمان سی ٹی ڈی نے بتایا کہ ہلاک دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے تھا اور وہ متعدد سنگین جرائم، جن میں بچے مصور کاکڑ کے قتل کا کیس بھی شامل ہے، میں ملوث تھے۔
سی ٹی ڈی کی ٹیم کے ساتھ ایک گرفتار ملزم بھی تھا جسے دہشت گردوں کے ٹھکانے کی نشاندہی کے لیے لایا گیا تھا۔ آپریشن کے دوران دہشت گردوں نے فائرنگ کی جس کے جواب میں سی ٹی ڈی اہلکاروں نے کارروائی کرتے ہوئے تینوں کو ہلاک کر دیا۔ گرفتار ملزم بھی اسی فائرنگ میں مارا گیا۔
آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے۔ سی ٹی ڈی نے علاقے کو مکمل کلیئر کر دیا ہے اور مزید کارروائیاں جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔




