کھیل

ایشیا کپ 2025: دبئی میں ٹرافی کی شاندار رونمائی، تمام ٹیموں کے کپتانوں کی شرکت 

دبئی: ایشیا کپ 2025 کا رنگا رنگ آغاز آج متحدہ عرب امارات میں ہو گیا، جہاں ایک پروقار تقریب میں ایونٹ کی شاندار ٹرافی کی رونمائی کی گئی۔ تقریب میں ایشیا کی تمام شریک ٹیموں کے کپتان موجود تھے، جبکہ ایشین کرکٹ کونسل کے صدر محسن نقوی نے ٹرافی کی نقاب کشائی کی۔

تقریب میں میڈیا کا خاصا رش دیکھنے میں آیا، تاہم سب کی نظریں اس وقت مرکوز ہو گئیں جب پاکستانی کپتان سلمان علی آغا اور بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو نے ایک دوسرے سے مصافحہ کیا۔ دونوں کے درمیان نظریں ملنے کا لمحہ میڈیا اور شائقین کی توجہ کا خاص مرکز بن گیا۔

ٹرافی رونمائی کے بعد پریس کانفرنس کا انعقاد بھی کیا گیا جہاں تمام کپتانوں نے صحافیوں کے سوالات کے جوابات دیے۔پاکستانی کپتان سلمان علی آغا نے کہا:”ہم ایشیا کپ کے لیے مکمل تیار ہیں اور پورے جوش و خروش کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔ یہ ہمارے لیے ایک بڑا چیلنج ہے جسے ہم بھرپور اعتماد کے ساتھ قبول کرتے ہیں۔”
انہوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیم کو یو اے ای کی کنڈیشنز کا اچھا خاصا تجربہ ہے کیونکہ پی ایس ایل سمیت کئی مواقع پر یہاں کرکٹ کھیلی جا چکی ہے۔ پاک بھارت میچ سے متعلق سوال پر سلمان کا کہنا تھا:”کوئی خاص ہدایت نہیں دی گئی، ہم صرف اپنی کارکردگی پر توجہ رکھیں گے۔ ٹی 20 فارمیٹ میں کچھ بھی ممکن ہے، کوئی بھی ٹیم جیت سکتی ہے۔”
دوسری جانب بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو نے بھی ٹیم کی بھرپور تیاری کی یقین دہانی کروائی۔ ان کا کہنا تھا:”ہم کافی عرصے بعد ٹی 20 ٹورنامنٹ کھیل رہے ہیں، اور اس فارمیٹ میں ہر ٹیم اپ سیٹ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔”
افغانستان کے کپتان راشد خان نے کہا کہ ان کی ٹیم بھی ہر میچ میں اپنا 100 فیصد دینے کے لیے تیار ہے۔ ان کا کہنا تھا:”ہم پچھلے کچھ ایونٹس میں بدقسمت رہے، مگر ہماری کوشش ہے کہ اس بار بھرپور کارکردگی دکھائیں۔ ہمارا فوکس صرف محنت پر ہے، نہ کہ ابھی سے سیمی فائنل کی باتوں پر۔”
ایشیا کپ 2025 کا پہلا میچ آج ابوظہبی میں افغانستان اور ہانگ کانگ کے درمیان کھیلا جا رہا ہے۔ پاکستان اپنا پہلا میچ 12 ستمبر کو عمان کے خلاف کھیلے گا، جبکہ سب سے زیادہ انتظار جس مقابلے کا ہے — پاکستان بمقابلہ بھارت — وہ 14 ستمبر کو شیڈول ہے۔ایونٹ کا فائنل 28 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button