پاکستان

پنجاب اور سندھ میں دریاؤں کی صورتحال تشویشناک، متعدد مقامات پر اونچے درجے کا سیلاب

لاہور :  مون سون بارشوں کے باعث پنجاب اور سندھ کے مختلف علاقوں میں دریاؤں کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہو گئی ہے۔ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران دریائے چناب، راوی اور ستلج میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہو سکتی ہے، جس سے بڑے پیمانے پر سیلاب کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔

دریائے چناب کے گنڈا سنگھ والا مقام پر پانی کا بہاؤ 1 لاکھ 95 ہزار کیوسک سے تجاوز کر گیا ہے، جس کے باعث یہاں انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ہیڈ سلیمانکی پر بھی صورتحال تشویشناک ہے، جہاں پانی کی آمد 1 لاکھ 4 ہزار کیوسک اور اخراج 98 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا، جو درمیانے درجے کے سیلاب کی نشاندہی کرتا ہے۔

دریائے راوی پر بھی پانی کی سطح مسلسل بلند ہو رہی ہے۔ جسڑ کے مقام پر پانی کا بہاؤ 90 ہزار کیوسک تک پہنچ چکا ہے، جبکہ شاہدرہ پر یہ سطح 40 ہزار کیوسک ہے۔ دونوں مقامات پر درمیانے درجے کا سیلاب جاری ہے۔

دوسری جانب سندھ میں بھی صورتحال کچھ بہتر نہیں۔ کوٹری بیراج پر پانی کی آمد 2 لاکھ 17 ہزار 490 کیوسک ریکارڈ کی گئی ہے، جو نچلے درجے کے سیلاب کی صورتحال کو ظاہر کرتا ہے۔ سکھر بیراج پر درمیانے درجے جبکہ تربیلا، کالا باغ، چشمہ اور گڈو بیراج پر نچلے درجے کے سیلاب کی کیفیت ہے۔

سیلابی صورتحال کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے رینجرز، فوج اور پولیس کی مدد سے انخلا کے انتظامات شروع کر دیے ہیں۔ تمام متعلقہ محکموں کے عملے کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں، جبکہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں رہائش پذیر افراد کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے اور دیگر ادارے صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں، اور عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں اور صرف سرکاری ذرائع سے جاری ہونے والی ہدایات پر عمل کریں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button