کراچی:سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ عالمی سطح پر امن و امان کے قیام کے لیے پاکستان کا کردار تاریخی رہا ہے، اور یہی وجہ ہے کہ آج دنیا بھر میں پاکستان کی سفارتی و دفاعی کوششوں کو تسلیم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے دشمن ممالک کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو کمزور کرنے کی سازشیں کرنے والے اپنے ناپاک عزائم میں بری طرح ناکام ہو چکے ہیں اور اب دنیا پاکستان کو امن کے داعی کے طور پر دیکھ رہی ہے۔
شرجیل انعام میمن نے ملکی دفاع کو مضبوط بنانے میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کے کلیدی اور اہم کردار کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا اور اس تزویراتی کامیابی پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کی۔
صوبائی حکومت کی کارکردگی کا ذکر کرتے ہوئے سینئر وزیر نے واضح کیا کہ سندھ حکومت اس وقت صوبے میں سب سے زیادہ ترقیاتی کام کراچی میں کر رہی ہے۔ انہوں نے عزم دہرایا کہ کراچی کی معاشی اور انفراسٹرکچر کی بحالی کے لیے اربوں روپے کے منصوبوں پر کام جاری ہے، کیونکہ کراچی کی ترقی دراصل پورے پاکستان کی ترقی ہے۔




