لاہور : پنجاب کے مختلف اضلاع میں سیلاب نے شدید تباہی مچائی ہے، اب تک 28 افراد جاں بحق اور 15 لاکھ کے قریب متاثر ہو چکے ہیں۔ قصور، پاکپتن، چشتیاں، جھنگ اور بہاولپور میں بند ٹوٹنے سے درجنوں بستیاں زیر آب آ گئیں، ہزاروں ایکڑ پر فصلیں تباہ ہو گئیں اور کئی علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع ہو گیا۔
راوی، چناب اور ستلج میں طغیانی کے باعث مزید خطرات لاحق ہیں۔ ملتان میں 7 لاکھ کیوسک کے بڑے ریلے کی آمد متوقع ہے۔ ریسکیو 1122 نے اب تک 92 ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا ہے، جبکہ پولیس، فوج اور مقامی انتظامیہ امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہے۔
ادھر نچلے سندھ اور بلوچستان میں بھی سیلاب کا الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ ایشیائی ترقیاتی بینک نے فوری امداد کے لیے پاکستان کو 30 لاکھ ڈالر گرانٹ دینے کا اعلان کیا ہے۔




