لاہور : پنجاب میں دریائے راوی، ستلج اور چناب میں پانی کی بلند سطح کے باعث سیلاب کی صورتحال نازک بنی ہوئی ہے۔ پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق راوی کے شاہدرہ مقام پر پانی کا بہاؤ ایک لاکھ 38 ہزار کیوسک ہے۔
دریائے ستلج کے گنڈا سنگھ والا پر پانی کا بہاؤ تین لاکھ تین ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ ہیڈ سلیمانکی پر ایک لاکھ 38 ہزار کیوسک ہے۔ دریائے چناب میں سیلابی ریلا چنیوٹ، جھنگ اور تریمو کی جانب بڑھ رہا ہے، جہاں مرالہ کے مقام پر پانی کا بہاؤ ایک لاکھ 11 ہزار کیوسک ہے۔
نالہ ڈیک (کنگرا) میں اونچے درجے کا سیلاب جاری ہے جبکہ نالہ بئیں اور بسنتر میں درمیانے درجے کی سیلابی صورتحال برقرار ہے۔ پی ڈی ایم اے نے عوام کو محتاط رہنے اور حکومتی ہدایات پر عمل کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ ممکنہ نقصانات سے بچا جا سکے۔




