میلان :دنیا کے معروف اطالوی فیشن ڈیزائنر جورجیو ارمانی 91 برس کی عمر میں انتقال کر گئے، جس کے بعد ان کے قائم کردہ اربوں ڈالر کے فیشن برانڈ کی قیادت کا سوال سامنے آ گیا ہے۔
1975 میں قائم ہونے والے "ارمانی” برانڈ نے دنیا بھر میں لباس، جوتوں اور لگژری اشیاء کی دنیا میں نئی پہچان بنائی۔ تاہم ارمانی نے اپنی زندگی میں ہی یہ طے کر لیا تھا کہ کمپنی کس سمت جائے گی۔
ارمانی کی کوئی اولاد نہیں، مگر ان کی بہن روزانا، بھتیجیاں سلوَنا اور روبیٹا اور بھانجا آندریا کامیرانا کمپنی میں اہم کردار ادا کرتے رہے ہیں۔ مردانہ ملبوسات کے طویل عرصے سے سربراہ لیو ڈیل اورکو بھی مستقبل کی قیادت میں شامل ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق کمپنی میں اب کلیکٹیو لیڈرشپ ماڈل اپنایا جائے گا، جہاں خاندان، قریبی ساتھی اور ایک فاؤنڈیشن مشترکہ طور پر فیصلے کریں گے۔ ارمانی نے 2016 میں ایک فاؤنڈیشن قائم کی تھی تاکہ کمپنی کی خودمختاری اور برانڈ ویلیوز کو تحفظ دیا جا سکے۔
فاؤنڈیشن کے پاس فی الحال معمولی حصہ ہے، مگر اب اسے بڑی ملکیت دی جائے گی تاکہ کمپنی کو کسی بیرونی خریدار یا مارکیٹ کے دباؤ سے بچایا جا سکے۔
فیشن انڈسٹری میں یہ برانڈ اپنی آزادی، معیار اور تخلیقی شناخت کی وجہ سے ممتاز رہا ہے۔ مستقبل میں یہ دیکھا جائے گا کہ کیا کمپنی ایک نیا تخلیقی ڈائریکٹر رکھے گی یا مختلف لائنز کے لیے علیحدہ ذمہ دار مقرر کیے جائیں گے۔
ارمانی کی آخری رسومات 6 ستمبر کو نجی طور پر ادا کی جائیں گی، جبکہ دنیا بھر سے معروف شخصیات کی جانب سے خراجِ عقیدت پیش کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔




