اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان گلوبل فنڈ کے ساتھ اپنے تزویراتی تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور ملک کے شعبہ صحت کو جدید خطوط پر استوار کرنے میں یہ ادارہ ہمارا اہم پارٹنر ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں گلوبل فنڈ کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس نے گرانٹ مینجمنٹ ڈویژن کے مارک ایڈینگٹن کی سربراھی میں ان سے ملاقات کی۔
ملاقات میں پاکستان سے ٹی بی (تپ دق)، ملیریا اور ایچ آئی وی کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ وفد کے دیگر ارکان میں سینئر پورٹفولیو مینجر ازیسکن گویریا اور ڈپٹی جنرل قونصلر نتاشا ہیفنک بھی شامل تھیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ترقی پذیر ممالک میں صحتِ عامہ کے شعبے میں گلوبل فنڈ کی خدمات کو زبردست الفاظ میں سراہا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان ملک بھر سے ان تینوں خطرناک بیماریوں کے خاتمے کے لیے طویل مدتی پالیسیوں پر عمل پیرا ہے۔ اس سلسلے میں ایک اہم پیشرفت کے طور پر وزیراعظم نے ایچ آئی وی وائرس کی مؤثر روک تھام کی نگرانی کے لیے حکومت اور گلوبل فنڈ پر مشتمل ایک مشترکہ ورکنگ گروپ فوری تشکیل دینے کے احکامات جاری کیے۔
اس موقع پر وزارتِ قومی صحت کے حکام کی جانب سے وفد کو اب تک حاصل ہونے والے نتائج اور مستقبل کے لائحہ عمل پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
گلوبل فنڈ کے سربراہ مارک ایڈینگٹن نے پاکستان میں ملنے والی گرمجوشی اور شاندار میزبانی پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے ٹی بی، ملیریا اور ایچ آئی وی کے سدِباب کے لیے پاکستانی حکومت کے عزم اور اب تک کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے یقین دلایا کہ گلوبل فنڈ پاکستان میں صحت عامہ کے انفراسٹرکچر کو مضبوط بنانے کے لیے اپنی تکنیکی اور مالی معاونت کا سلسلہ برقرار رکھے گا۔




