راولپنڈی : پاک فوج نے سرحد پار دہشت گردی کے خلاف اب تک کی سب سے بڑی اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے "فتنہ الخوارج” کے نیٹ ورک کو جڑوں سے ہلا کر رکھ دیا ہے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق، آپریشن غضب للحق کے تحت افغانستان کے اندر دہشت گردوں کے چار کلیدی ٹھکانوں کو فضائی حملوں میں کامیابی سے نشانہ بنایا گیا ہے۔
گزشتہ شب کی گئی انٹیلی جنس بیسڈ فضائی ضربوں (Precision Strikes) کے دوران دہشت گردوں کے لاجسٹک اور عسکری ڈھانچے کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچایا گیا ہے۔ دہشت گردوں کے زیرِ استعمال 313 کور کا پورا انفراسٹرکچر ملیا میٹ کر دیا گیا۔ قندھار ایئر فیلڈ پر واقع آئل سٹوریج سائٹ اور ملحقہ لاجسٹک مراکز کو تباہ کر دیا گیا، جبکہ تراوو دہشت گرد کیمپ کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ صوبہ پکتیا کے علاقے شیرناؤ میں قائم دہشت گردوں کے تربیتی کیمپ کو فضائی حملے میں تباہ کر دیا گیا۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک فوج نے شمالی وزیرستان کے سرحدی مقام صدق گاؤں میں دہشت گردوں کی دراندازی کی ایک منظم کوشش کو بروقت کارروائی سے ناکام بنا دیا۔ پاک فوج کے جوانوں کی بروقت جوابی کارروائی کے باعث دہشت گرد اپنے زخمی ساتھیوں کو چھوڑ کر سرحد پار فرار ہونے پر مجبور ہو گئے۔
سکیورٹی ماہرین ان حملوں کو پاکستان کی انسدادِ دہشت گردی کی پالیسی میں ایک فیصلہ کن موڑ قرار دے رہے ہیں۔




