واشنگٹن: پاکستان کے پارلیمانی وفد کی بین الاقوامی سطح پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کی کوششوں کے مثبت اثرات سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔ امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ اپنی مدتِ صدارت کے دوران مسئلہ کشمیر کے حل کے خواہاں تھے۔
ترجمان محکمہ خارجہ، ٹمی بروس، نے پریس بریفنگ کے دوران بتایا کہ محکمہ خارجہ کے سینئر حکام، بشمول انڈر سیکرٹری برائے سیاسی امور ایلیسن ہوکر، نے گزشتہ ہفتے واشنگٹن میں پاکستانی پارلیمانی وفد سے ملاقات کی۔
ترجمان کے مطابق ملاقات کے دوران پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کے لیے امریکی حمایت کے اعادے کے ساتھ ساتھ انسداد دہشت گردی، خطے میں امن و استحکام اور باہمی تعاون جیسے اہم موضوعات پر بھی بات چیت کی گئی۔
ترجمان نے مزید کہا کہ امریکہ، پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات کو مینج کرنے اور مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کے لیے کردار ادا کرنے کی خواہش رکھتا ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان اسٹریٹیجک شراکت داری کی بھی توثیق کی، جو کہ دونوں ممالک کے تعلقات میں ایک مضبوط پیش رفت کی علامت ہے۔




