گلگت / ناران:حالیہ شدید بارشوں اور اچانک سیلاب کے نتیجے میں شاہراہِ بابوسر اور قراقرم ہائی وے پر متعدد مقامات پر سیاح اور مسافر پھنس گئے، جنہیں نکالنے کے لیے پاک فوج اور گلگت بلتستان سکاوٹس نے ہنگامی بنیادوں پر ریسکیو اور بحالی کا عمل شروع کر دیا ہے۔
پاک فوج کے مطابق، اب تک ہیلی کاپٹر کے ذریعے 15 سورٹیز مکمل کی جا چکی ہیں، جن کے ذریعے متاثرہ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔ متاثرہ علاقوں میں خوراک، پانی اور ابتدائی طبی امداد بھی فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ زخمیوں کو فوری طبی امداد دی گئی ہے۔
ریسکیو ٹیمیں اور انجینئرنگ یونٹس متاثرہ شاہراہوں سے ملبہ ہٹانے اور راستے کھولنے میں مصروف ہیں۔ بابوسر اور قراقرم ہائی وے پر بھاری مشینری کے ذریعے رکاوٹیں دور کرنے کا کام جاری ہے، جو رات بھر سے بلا تعطل جاری رہا۔
مزید برآں، گم شدہ افراد کی تلاش کے لیے خصوصی سرچ اینڈ ریسکیو ٹیمیں روانہ کر دی گئی ہیں، جو دشوار گزار اور پہاڑی علاقوں میں بھی تلاش کے عمل میں مصروف ہیں۔
پاک فوج اور ریسکیو اداروں کی پیشہ ورانہ مہارت اور فوری ردعمل کے باعث ممکنہ بڑے جانی نقصان سے بچاؤ ممکن ہوا ہے۔ متاثرہ علاقوں میں موجود افراد کو مسلسل امداد فراہم کی جا رہی ہے، اور صورتحال پر متعلقہ سول و عسکری ادارے مکمل ہم آہنگی سے کام کر رہے ہیں۔
انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کی جانب سے عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ فی الحال متاثرہ علاقوں کا سفر کرنے سے گریز کریں تاکہ ریسکیو سرگرمیوں میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ آئے۔




