راولپنڈی : یومِ آزادی کے موقع پر پاک فوج نے اپنی بھرپور عسکری آمادگی اور قومی عزم کا اعادہ کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ پاکستان کی خودمختاری اور سالمیت کا ہر قیمت پر تحفظ کیا جائے گا۔ جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کے چیئرمین اور تمام مسلح افواج کے سربراہان نے قوم کو 78ویں یومِ آزادی کی مبارکباد پیش کی ہے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ مسلح افواج وطن کے دفاع کے لیے ہر وقت تیار ہیں اور کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ بیان میں کہا گیا کہ "ارضِ پاک کی حفاظت کے لیے پاک فوج ہر محاذ پر مستعد ہے، اور قوم کے ساتھ اس کا مضبوط رشتہ ہی ہماری اجتماعی طاقت کی اصل بنیاد ہے۔”
فوجی قیادت نے کہا کہ یومِ آزادی نہ صرف ہمارے ماضی کی جدوجہد کی یاد دلاتا ہے بلکہ یہ ایک روشن، خوشحال اور ترقی یافتہ پاکستان کے عزم کی بھی تجدید کرتا ہے۔ "یہ دن ہماری قومی یکجہتی، اتحاد اور ایک بہتر مستقبل کی علامت ہے۔”
پاک فوج کے سربراہان نے بانیانِ پاکستان کو بھی خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ ان کی بے مثال قربانیوں کے سبب آج ہم آزاد فضا میں سانس لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ "ہمیں اس آزادی کی حفاظت کرنی ہے اور اسے مضبوط تر بنانا ہے۔”
یومِ آزادی پر جاری ہونے والے اس عزم سے ظاہر ہوتا ہے کہ مسلح افواج نہ صرف دفاعِ وطن کے لیے پرعزم ہیں بلکہ ایک مستحکم اور ترقی یافتہ پاکستان کی تعمیر میں بھی اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہیں۔




