راولپنڈی : ملک بھر میں پاک فضائیہ کا یومِ شہداء 7 ستمبر کو نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر تمام فضائی اڈوں پر خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا گیا، جن میں مادرِ وطن کی خاطر جانیں نچھاور کرنے والے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دن کا آغاز تمام بیسز کی مساجد میں قرآن خوانی اور خصوصی دعاؤں سے ہوا، جو 1965ء، 1971ء اور دیگر معرکوں میں شہید ہونے والے جانبازوں کے نام منسوب تھیں۔
مرکزی تقریب ایئر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں منعقد ہوئی، جس کے مہمانِ خصوصی پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو تھے۔ ایئر چیف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہداء کی عظیم قربانیوں، فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت اور تاریخی روایات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
انہوں نے کہا”یومِ شہداء ہماری مسلح افواج کی بے مثال بہادری اور قربانیوں کی علامت ہے۔ پاک فضائیہ بدلتی ہوئی عالمی و علاقائی صورتحال کے تناظر میں اپنے دفاعی مشن پر پوری طرح کاربند ہے۔”
ایئر چیف مارشل نے دفاعِ وطن کے لیے خلا، الیکٹرانک وارفیئر، سائبر ٹیکنالوجی اور مقامی دفاعی پیداوار جیسے جدید شعبوں میں مزید بہتری کی ضرورت پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاک فضائیہ ہر وقت مادرِ وطن کے فضائی دفاع کے لیے مکمل تیار ہے، اور پوری قوم کو اپنے شہداء پر فخر ہے۔
تقریب کے اختتام پر ایئر چیف مارشل نے یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔ ایئر چیف نے اپنے خطاب میں مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم عوام کے ساتھ یکجہتی کا بھی اظہار کیا اور ان کی جدوجہدِ آزادی کو خراجِ تحسین پیش کیا۔




