پاکستان

یومِ فضائیہ پر صدر اور وزیراعظم کا پاک فضائیہ کو خراجِ تحسین، دشمن کو واضح پیغام

اسلام آباد:  ملک بھر میں آج یومِ فضائیہ نہایت ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے۔یوم فضائیہ کےموقع پر صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قوم کے نام اپنے الگ الگ پیغامات جاری کیے، جن میں پاک فضائیہ کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اس کے کردار کو سراہا گیا۔

 صدر مملکت آصف علی زرداری کا پیغام
صدر زرداری نے اپنے بیان میں کہا کہ 1965 کی جنگ میں پاک فضائیہ نےشجاعت، مہارت اور پیشہ ورانہ جرات کی نئی تاریخ رقم کی۔ انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ نے دشمن کے عزائم کو ناکام بنا کر پوری دنیا کو حیران کر دیا، اور ہر محاذ پر وطنِ عزیز کا دفاع یقینی بنایا۔

صدر نے شہداء اور غازیوں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں قوم کے لیے فخر کا باعث ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاک فضائیہ کی جدید جنگی صلاحیتیں ملک کے دفاع کی مضبوط ضمانت ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ رواں برس مئی میں بھارت کے ساتھ ہونے والی جھڑپ کے دوران پاک فضائیہ نے ایک بار پھر دشمن کو منہ توڑ جواب دیا اور بھارت کے چھ جنگی طیارے مار گرائے، جس کا اعتراف بھارتی حکام نے بھی کیا۔

 وزیراعظم محمد شہباز شریف کا پیغام
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاک فضائیہ نے نہ صرف 1965ء کی جنگ میں دشمن کو شکست دی، بلکہ حالیہ جھڑپوں میں بھی اپنی پیشہ ورانہ مہارت اور بے مثال جذبے سے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

ان کا کہنا تھا "ہماری ایئر فورس نے ثابت کر دیا ہے کہ جذبہ، عزم اور مہارت، دشمن کے جدید ہتھیاروں سے کہیں زیادہ طاقتور ہوتے ہیں۔”وزیراعظم نے پاک فضائیہ کو پاکستان کی خودمختاری، جغرافیائی سرحدوں اور قومی سالمیت کا محافظ قرار دیا اور کہا کہ یہ ادارہ آج بھی دفاعِ وطن کی پہلی لائن پر موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ یومِ فضائیہ ان تمام جانبازوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کا دن ہے جنہوں نے جان کا نذرانہ دے کر پاکستان کی فضائی سرحدوں کی حفاظت کی۔ شہباز شریف نے نئی نسلوں کو مخاطب کرتے ہوئے یاد دلایا کہ 1965 کی جنگ میں پاکستان نے بھارت کے 31 طیارے تباہ کیے تھے، جو ہماری تاریخ کا روشن باب ہے۔

گزشتہ روز یومِ دفاع کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایئر وائس مارشل شہریار احمد خان نے کہا کہ اگر بھارت نے دوبارہ جارحیت کی کوشش کی تو اس بار دشمن کے 6 نہیں بلکہ 60 طیارے گرائے جائیں گے۔یہ دن نہ صرف ماضی کی یاد دہانی ہے بلکہ مستقبل کے عزم اور قومی دفاع کے حوالے سے پاک فضائیہ کی تیاریوں کا اعلان بھی ہے۔ پوری قوم آج اپنے جانباز شاہینوں کو سلام پیش کرتی ہے اور ان کی قربانیوں کو یاد رکھتی ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button