’آج کا دن میرے لیے بہت افسوسناک ہے۔ میں امید کرتا ہوں اور دعا کرتا ہوں کہ دنیا میں اور انڈیا میں ایسا کسی کرکٹر کے ساتھ نہ ہو۔‘
یہ الفاظ ہیں انڈیا کے معروف کرکٹر اور انڈین کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد اظہرالدین کے جو انھوں نے ایک سٹیڈیم سے اُن کا نام ہٹائے جانے کا فیصلہ سامنے آنے کے بعد ادا کیے ہیں۔
اظہرالدین نے انڈین خبررساں ادارے ’پریس ٹرسٹ آف انڈیا‘ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ حیدرآباد کرکٹ ایسوسی ایشن (ایچ سی اے) کے اس فیصلے کے خلاف ہائیکورٹ جائیں گے کیونکہ انھیں عدالت پر پورا بھروسہ ہے۔
انھوں نے کہا کہ ماضی میں بھی وہ اپنے خلاف لگائے گئے الزامات کے خلاف عدالت میں گئے تھے، جہاں سے انھیں انصاف ملا تھا۔
اظہرالدین نے یہ بھی کہا کہ انھوں نے انڈیا کے لیے بہت سی قربانیاں دی ہیں اور انھیں انڈیا کے عوام اور اپنے پرستاروں پر پورا بھروسہ کہ وہ حیدرآباد کرکٹ ایسوسی ایشن (ایچ سی اے) کو مناسب جواب دیں گے۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ اُن کے خلاف جو سازش کی جا رہی ہے اس کا جواب ان کے پرستار اور عدالت ہی دے سکتی ہے۔




