گوادر :بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر کو دنیا سے جوڑنے کے لیے ایک اور بڑا سنگِ میل عبور کر لیا گیا ہے۔ جدید ترین بنیادی ڈھانچے کے حامل گوادر نیو انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پہلی آزمائشی پرواز کا تجربہ سو فیصد کامیابی کے ساتھ مکمل کر لیا گیا ہے، جس پر مقامی عوام اور کاروباری حلقوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق ’ساؤتھ ایئر‘ کی خصوصی آزمائشی پرواز نے جب گوادر کے نئے رن وے پر لینڈ کیا تو وہاں موجود گوادر ایئرپورٹ حکام اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندوں نے تالیاں بجا کر طیارے کا شاندار استقبال کیا۔ حکام نے فلائٹ آپریشنز اور ایئرپورٹ کے دیگر تکنیکی شعبوں کی کارکردگی پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔
اس اہم سنگِ میل کے حوالے سے حکام کا کہنا ہے کہ یہ کامیاب لینڈنگ بلوچستان میں فضائی رابطہ کاری اور سیاحت و تجارت کے فروغ کے لیے بنیادی اہمیت کی حامل ہے۔ اس کامیاب تجربے کے بعد گوادر میں ملکی اور بین الاقوامی پروازوں کا باقاعدہ شیڈول شروع کرنے کی تیاریاں تیز کر دی گئی ہیں۔ نیو گوادر ایئرپورٹ کا فعال ہونا ناصرف مقامی سطح پر روزگار اور کاروبار کے وسیع مواقع پیدا کرے گا بلکہ یہ ملکی معیشت کی تیز رفتار بحالی کے لیے بھی ایک مضبوط محرک ثابت ہوگا۔




