کراچی: مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور عالمی معاشی غیر یقینی کی لہر نے پاکستان میں سونے کی قیمتوں کو ایک بار پھر ریکارڈ بلندیوں پر پہنچا دیا ہے۔ مقامی صرافہ بازاروں میں سونے کی خریداری کے رجحان میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے جاری کردہ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق فی تولہ (24 قیراط) سونے کی قیمت میں 3,000 روپے کا بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد نئی قیمت 5 لاکھ 36 ہزار 562 روپے کی بلند ترین سطح پر آگئی ہے۔ 10 گرام سونا قیمت 2,572 روپے بڑھنے کے بعد 4 لاکھ 60 ہزار 15 روپے ہو گئی ہے۔+
بین الاقوامی منڈی میں سونے کی فی اونس قیمت میں 30 ڈالرز کا اضافہ دیکھا گیا ہے، جس کے بعد سونا 5,138 ڈالرز فی اونس کی سطح پر ٹریڈ ہو رہا ہے۔ معاشی ماہرین کا ماننا ہے کہ جب تک مشرقِ وسطیٰ کے حالات پرسکون نہیں ہوتے، عالمی سطح پر سونے کی قیمتوں میں استحکام آنا مشکل ہے۔
موجودہ حالات میں جہاں کرنسی مارکیٹ دباؤ کا شکار ہے، وہاں سرمایہ کار اپنے اثاثوں کو محفوظ بنانے کے لیے سونے (Safe Haven Asset) کا رخ کر رہے ہیں، جس کی وجہ سے طلب اور رسد کا توازن بگڑنے سے قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔




