واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے حالیہ سوشل میڈیا بیان میں سابق صدر جو بائیڈن کی پالیسیوں پر شدید تنقید کی اور انہیں امریکی تاریخ کا "بدترین صدر” قرار دے دیا۔امریکی صدر ٹرمپ نے بائیڈن کے اقتدار میں آنے کو "کرپٹ انتخابات” کا نتیجہ قرار دیا اور کہا کہ ان کی پالیسیوں نے امریکہ کو عالمی سطح پر کمزور کر دیا ہے۔
صدر ٹرمپ نے بائیڈن کی افغانستان سے انخلا کی پالیسی کو "ذلت آمیز” اور "سب سے بڑی ناکامی” قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس فیصلے کے نتیجے میں 13 امریکی فوجی ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔ ٹرمپ نے مزید کہا کہ افغانستان سے امریکی فوج کا انخلا بائیڈن کے لیے ایک ایسا المیہ بن چکا ہے جس نے نہ صرف امریکہ کی ساکھ کو نقصان پہنچایا بلکہ عالمی سطح پر دشمنوں کو طاقتور ہونے کا موقع بھی دیا۔
ٹرمپ نے بائیڈن کی کمزوری کا ذکر کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ اسی وجہ سے روس نے یوکرین پر حملہ کیا اور حماس نے 7 اکتوبر کو اسرائیل پر حملہ کیا۔ ان کے مطابق، بائیڈن کی پالیسیوں نے امریکی دشمنوں کو مزید قوت بخشی، جس کے نتائج دنیا بھر میں دیکھے جا رہے ہیں۔
امریکی صدر ٹرمپ نے سابق صدربائیڈن کی انتخابی مہم میں شکست کو بھی ایک اور مثال قرار دیا، جس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ بائیڈن قومی مفاد کی حفاظت کرنے میں ناکام ہیں۔




