راولپنڈی: بلوچستان کے ضلع مستونگ میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر کامیاب آپریشن کرتے ہوئے بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے چار دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشتگرد کالعدم بھارتی پراکسی گروپ فتنۃ الہندوستان سے تعلق رکھتے تھے اور علاقے میں تخریب کاری کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے۔ کارروائی کے دوران ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا۔
آپریشن کے بعد علاقے میں کلیئرنس کارروائیاں جاری ہیں تاکہ کسی بھی باقی ماندہ خطرے کا خاتمہ کیا جا سکے۔ ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز ملک دشمن عناصر اور بھارتی پشت پناہی میں ہونے والی دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔
یاد رہے کہ حالیہ دنوں خیبر پختونخوا میں بھی سیکیورٹی فورسز نے کارروائیاں کرتے ہوئے بھارتی حمایت یافتہ 19 دہشتگردوں کو ہلاک کیا تھا، جن میں سے 14 مہمند اور 4 شمالی وزیرستان میں مارے گئے تھے۔




