لاہور کے پوش علاقے ڈیفنس میں لالک جان چوک کے قریب پیش آنے والے ٹریفک حادثے میں 18 سالہ جویریہ زندگی کی بازی ہار گئی۔ حادثہ اُس وقت پیش آیا جب ایک تیز رفتار کار نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی، جس پر جویریہ سوار تھی۔
پولیس ترجمان کے مطابق واقعے کی اطلاع ملنے پر ون فائیو پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے کار سوار ملزم آصف علی کو گرفتار کر کے حوالات میں بند کر دیا ہے۔ جاں بحق لڑکی کے بھائی کی مدعیت میں تھانہ ڈیفنس بی میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ حادثے کی بنیادی وجہ گاڑی کی تیز رفتاری اور ڈرائیور کی غفلت تھی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے تفتیش کا دائرہ مزید وسیع کیا جا رہا ہے۔
ایس پی کینٹ نے واقعے پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے اور تیز رفتار ڈرائیونگ سے دوسروں کی جان کو خطرے میں ڈالنے والے کسی قسم کی رعایت کے مستحق نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے اور قانون شکنی پر زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی جائے گی۔
0 12 1 minute read




