کابل: افغانستان میں طالبان مخالف گروہوں کی سرگرمیوں میں اضافے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ مختلف علاقوں میں طالبان اہلکاروں کو نشانہ بنائے جانے کے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق بدخشاں میں نیشنل ریزسٹنس فرنٹ (این آر ایف) کے مبینہ حملے میں تین طالبان اہلکار زخمی ہوئے، جبکہ جنوبی افغانستان میں یونائیٹڈ فرنٹ کی کارروائی کے دوران ایک طالبان اہلکار ہلاک ہونے کی اطلاع ہے۔
دوسری جانب زابل میں بھی طالبان حکومت کے خلاف عوامی ردعمل سامنے آنے کی اطلاعات ہیں۔ مختلف علاقوں میں طالبان مخالف سرگرمیوں کے باعث افغانستان کی سیکیورٹی صورتحال ایک بار پھر توجہ کا مرکز بن گئی ہے۔
افغانستان میں طالبان مخالف گروہوں کی بڑھتی ہوئی سرگرمیاں طالبان حکومت کے لیے ایک نیا سیکیورٹی چیلنج قرار دی جا رہی ہیں، تاہم ان واقعات سے متعلق تمام تفصیلات کی آزاد ذرائع سے فوری تصدیق نہیں ہو سکی۔




