لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے رمضان المبارک کے دوران مہنگائی کے شکار شہریوں کے لیے 47 ارب روپے کے خطیر ’رمضان نگہبان پیکج‘ کی منظوری دے دی ہے۔ اس تاریخی فیصلے کے تحت پنجاب بھر کے ایک کروڑ سے زائد افراد کو نقد رقم اور سستی اشیائے خوردونوش کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔
وزیراعلیٰ کی زیرِ صدارت اعلیٰ سطح کے اجلاس میں مستحقین کی مالی امداد کے لیے اہم فیصلے کیے گئے. راشن کارڈ ہولڈرز کو ملنے والی ماہانہ رقم 3 ہزار سے بڑھا کر 10 ہزار روپے کر دی گئی ہے۔مستحق خاندانوں کو ’رمضان نگہبان کارڈ‘ جاری کیے جائیں گے، جن کے ذریعے اے ٹی ایم (ATM)، بینک ایجنٹس اور مخصوص دکانوں سے رقم نکالنے یا خریداری کی سہولت میسر ہوگی۔پورے نظام کی نگرانی کے لیے ’رمضان نگہبان ڈیش بورڈ‘ قائم کیا گیا ہے، جبکہ کارڈ ہولڈرز کو کال کر کے امداد کی تصدیق کا خودکار نظام بھی متعارف کرایا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے روزہ داروں کی عزتِ نفس کے پیشِ نظر ’نگہبان دسترخوان‘ شروع کرنے کی منظوری دی ہے ,ہر تحصیل میں 8 دسترخوان لگائے جائیں گے، جہاں روزانہ 2 ہزار افراد کے لیے باقاعدہ افطاری کا اہتمام ہوگا۔افطار مینو میں چکن بریانی، کھجور، پھل، سموسے اور مشروبات شامل ہوں گے۔ان دسترخوانوں کے معیار کو یقینی بنانے کے لیے کمشنرز اور پنجاب فوڈ اتھارٹی کو کڑی نگرانی کی ہدایت کی گئی ہے۔
مریم نواز نے واضح کیا کہ عوام کو دفاتر کے چکر نہیں لگانے پڑیں گے، ضلعی انتظامیہ خود گھر گھر جا کر مستحقین کو نگہبان کارڈز فراہم کرے گی۔ مزید برآں صوبے بھر میں 65 مستقل سہولت بازار اور 15 ‘آن دی گو’ بازار فعال ہوں گے۔ کارڈز کی ایکٹیویشن کے لیے فوری طور پر 136 مراکز قائم کیے جا رہے ہیں۔




