لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے قائداعظم محمد علی جناحؒ کی 77ویں برسی پر گہری عقیدت اور احترام کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ پاکستان کی بقا اور ترقی قائداعظمؒ کے اصولوں اور افکار پر عمل کرنے میں ہی ممکن ہے۔
مریم نواز شریف نے قائداعظمؒ کو صداقت، دیانت اور بے خوف قیادت کی زندہ مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے افکار کے بغیر پاکستان کی منزل ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ذات، نسل یا فرقہ سے بالاتر ہو کر پاکستان کی تعمیر اور حفاظت ہر شہری کی ذمہ داری ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ پاکستان کو قائداعظمؒ کی فکر کے مطابق انصاف، رواداری اور ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا رہا ہے اور یہ اصول ہی ملک کی ترقی کی ضمانت ہیں۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہمیں قائداعظمؒ کے خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کی توفیق عطا فرمائے۔




