اسلام آباد: نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ملک میں گندم کے وافر ذخائر برقرار رکھنا اور اس کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ گندم کی دستیابی اور قیمتوں کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جائے تاکہ عوام کو مناسب قیمتوں پر آٹے کی فراہمی ممکن بنائی جا سکے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی زیر صدارت گندم سے متعلق اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ملک بھر میں گندم اور دیگر اجناس کی دستیابی، گندم کی درآمد کے منصوبوں اور مقامی مارکیٹ میں رسد برقرار رکھنے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں گندم کے ذخائر کی صورتحال اور ملک میں اس کی مسلسل فراہمی یقینی بنانے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ نائب وزیراعظم نے ہدایت کی کہ گندم کی رسد میں کسی بھی ممکنہ تعطل سے بچنے کے لیے پیشگی اقدامات کیے جائیں اور مارکیٹ کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے مؤثر حکمت عملی اپنائی جائے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ اشیائے خورونوش کی قیمتوں کو عوام کی پہنچ میں رکھنا ضروری ہے، جس کے لیے وفاقی اور صوبائی اداروں کے درمیان قریبی رابطہ اور تعاون ناگزیر ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو مارکیٹ کے رجحانات کی کڑی نگرانی کرنے اور ملک کے تمام حصوں میں گندم کی وافر فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
نائب وزیراعظم نے مزید کہا کہ آٹے کی قیمتوں میں کمی کے رجحان کو برقرار رکھنے کے لیے متعلقہ ادارے اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا کریں اور گندم کی دستیابی سے متعلق صورتحال پر مسلسل نظر رکھیں۔
اجلاس میں وزیر قومی غذائی تحفظ و تحقیق، معاون خصوصی طارق باجوہ اور متعلقہ وفاقی و صوبائی حکام نے شرکت کی۔




