انقرہ :ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ٹیلی فون پر رابطہ کرکے علاقائی صورتِ حال اور جاری بحرانوں کے حل پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
ترک صدارتی دفتر کے مطابق، دونوں رہنماؤں کے درمیان گفتگو میں آبنائے ہرمز اور یمن کے بحران سمیت اہم علاقائی معاملات زیرِ بحث آئے۔ بات چیت مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے فریم ورک کے تحت کی گئی۔
صدر اردوان نے اس موقع پر کہا کہ ترکیہ، سعودی عرب اور پاکستان کے ساتھ مل کر پیچیدہ علاقائی مسائل کو سفارتی ذرائع سے حل کرنے کے لیے کوشاں ہے۔ انہوں نے تنازعات کے پُرامن حل اور خطے میں استحکام کے لیے مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
ترک صدر نے روس اور یوکرین کے درمیان جنگ کے مستقل خاتمے کے لیے سفارتی عمل کی بحالی کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔
ترک صدارتی دفتر کے مطابق، اردوان نے عالمی اور علاقائی تنازعات کے حل کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کو اہم قرار دیا۔




