کیلیفورنیا: گوگل نے اپنی مشہور ایپ "گوگل فوٹوز” میں جدید اے آئی فیچرز متعارف کرادیے ہیں، جن کے ذریعے صارفین اپنی تصاویر میں موجود اشیاء یا افراد کو بہتر بنانے اور ان میں تبدیلیاں کرنے میں آسانی محسوس کریں گے۔ ان نئے فیچرز کا مقصد صارفین کے تجربے کو مزید بہتر بنانا اور انہیں تخلیقی انداز میں تصاویر ایڈیٹ کرنے کی سہولت فراہم کرنا ہے۔
ٹیکنالوجی ویب سائٹس کے مطابق، گوگل فوٹوز میں شامل کئے گئے نئے اے آئی فیچرز میں ایک نیا "آسک” بٹن بھی شامل ہے، جس کے ذریعے صارفین تصاویر کے بارے میں سوالات پوچھ سکتے ہیں یا ایڈیٹنگ کی درخواست دے سکتے ہیں۔ اس بٹن کے ذریعے آپ اپنی تصویر میں موجود افراد کے پوز، سٹائل یا تاثرات میں بھی تبدیلیاں کر سکتے ہیں، جیسے مسکراہٹ بڑھانا، چشمے ہٹانا یا آنکھوں کو کھولنا۔
ایک اور دلچسپ فیچر ایپ میں شامل کیا گیا ہے جو مختلف "ایڈیٹنگ ٹیمپلیٹس” فراہم کرتا ہے۔ ان ٹیمپلیٹس کے ذریعے صارفین اپنی تصاویر کو قدیم پورٹریٹ یا کارٹون سٹائل میں تبدیل کر سکتے ہیں، جس سے تصاویر میں تخلیقی رنگ بھرتے ہیں اور وہ منفرد انداز میں پیش آتی ہیں۔
گوگل فوٹوز کی تلاش کی خصوصیت کو اب 100 سے زائد ممالک میں دستیاب کر دیا گیا ہے، اور 17 نئی زبانوں کی مدد سے دنیا بھر میں صارفین کے لیے تصاویر تلاش کرنا مزید آسان ہوگیا ہے۔ ان زبانوں میں عربی، ہندی، بنگالی اور پرتگالی شامل ہیں۔
ان جدید فیچرز کا مقصد نہ صرف صارفین کو تفریحی مواد تخلیق کرنے میں مدد دینا ہے بلکہ ان کی تصاویر کی پیشہ ورانہ حیثیت کو بھی بڑھانا ہے، خاص طور پر یادگار لمحوں کو زیادہ قیمتی اور دلکش بنانے کے لیے۔ تاہم، چونکہ یہ فیچرز مرحلہ وار دستیاب ہو رہے ہیں، اس لیے ممکن ہے کہ پاکستان میں ابھی تمام صارفین کو یہ فیچرز دستیاب نہ ہوں۔ گوگل فوٹوز کے صارفین کو اپنی ایپ کی اپ ڈیٹس چیک کرتے رہنا ہوگا تاکہ وہ ان نئے فیچرز کا فائدہ اٹھا سکیں۔




