دبئی ائیر شو کے دوران بھارتی لڑاکا طیارہ تیجس ایروبیٹک اسٹنٹ کے دوران گر کر تباہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں پائلٹ ہلاک ہو گیا۔ بھارتی ائیر فورس نے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ طیارہ مقامی وقت کے مطابق دو بج کر 10 منٹ پر گر گیا۔ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی جا رہی ہے۔
حادثے سے چند روز قبل ہی طیارے کے فیول ٹینک سے تیل کے رساؤ کی ویڈیو منظر عام پر آئی تھی، جس نے طیارے کی حفاظت اور تیاری کے معیار پر سوالات پیدا کیے۔
طیارہ گرنے کے بعد سوشل میڈیا پر بھارتی صارفین نے فضائیہ پر سخت تنقید کی اور ائیر چیف کے استعفے کا مطالبہ کیا۔ انوشی تیواری نامی صارف نے لکھا کہ یہ واقعہ بھارت کے لیے عالمی سطح پر توہین ہے اور ائیر فورس کے سربراہ کو فوری ہٹایا جانا چاہیے۔ جبکہ تیجسوی پراکاش نامی صارف نے کہا کہ اگر طیارے بنیادی ایروبیٹک اسٹنٹ بھی نہیں کر سکتے تو پائلٹس کی تربیت اور قیادت کی کارکردگی پر سوالات اٹھنا فطری ہے۔
یہ دوسرا حادثہ ہے جو دو سال کے اندر تیجس طیارے کے ساتھ پیش آیا ہے۔ مارچ 2024 میں راجستھان کے جیسل میر میں بھی ایک تیجس طیارہ گر کر تباہ ہوا تھا، تاہم اس میں پائلٹ محفوظ رہا۔
حادثے نے بھارت میں فضائیہ کی تربیت، معیار اور قیادت پر عوامی سطح پر بحث کو جنم دیا ہے، اور اس کے اثرات آئندہ دفاعی منصوبہ بندی پر بھی مرتب ہو سکتے ہیں۔




